ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کونسل چیرمین شنکر مورتی کے خلاف تحریک عدم اعتماد

کونسل چیرمین شنکر مورتی کے خلاف تحریک عدم اعتماد

Wed, 14 Jun 2017 10:47:53    S.O. News Service

بنگلورو،13؍جون(ایس او نیوز) ریاستی لیجسلیٹیو کونسل کے چیرمین ڈی ایچ شنکر مورتی کے خلاف آج ایوان بالا میں کانگریس نے تحریک عدم اعتماد پیش کردی، اور شنکر مورتی نے اس پر ایوان میں بحث کی اجازت بھی دے دی۔ اس کے ساتھ ہی ایوان بالا کی صدارت شنکر مورتی سے چھن جانے کے امکانات روشن ہوگئے۔ جنتادل (ایس) نے اگر اس مرتبہ بی جے پی کا ساتھ نہیں دیا اور کانگریس کی حمایت کئے بغیر بھی غیر جانبدارر ہ گئی تو شنکر مورتی کا عہدہ سے ہاتھ دھونا طے ہے۔ فی الوقت جنتادل (ایس) نے اس معاملے سے اپنے آپ کو دور ہی رکھا ہے۔ اراکین کی تعداد کے اعتبار سے فی الوقت کانگریس کو بالا دستی حاصل ہے۔ آج ایوان میں کانگریس اراکین وی ایس اگرپا ، شرنپا مٹور ، کے سی کونڈیا ، کے عبدالجبار، ایم اے گوپال سوامی ، آر پرسنا کمار اور ایچ ایم ریونا نے ایوان بالا کی کارگذاریوں کے ضابطہ نمبر 165 اورآئین کی دفعہ183 کے تحت شنکر مورتی کو ایوان کے چیرمین کے عہدہ سے ہٹانے کی قرار داد پیش کی۔ اس قرارداد کی منظوری یا نامنظوری یہ طے کرے گی کہ شنکر مورتی کا مستقبل کیا ہوگا۔ اس سلسلے میں جنتادل (ایس) کاموقف ابھی کھل کر سامنے نہیں آیا ہے، اگر جے ڈی ایس نے بی جے پی کا ساتھ دیا تو تحریک عدم اعتماد کا ناکام ہونا طے ہے۔ اگر کانگریس کے ساتھ رہی تو شنکر مورتی کو عہدہ سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔غیر جانبدار رہنے جے ڈی ایس کا فیصلہ بھی شنکر مورتی کے حق میں نقصان دہ ہوگا۔ 75رکنی ایوان بالا میں بی جے پی رکن وملاگوڈا کی موت کے سبب ایک نشست خالی ہے، 74رکنی ایوان میں کانگریس کے34 ، اراکین ہیں جبکہ چیرمین سمیت بی جے پی کے 22؍ اراکین ہیں۔ جنتادل (ایس) کے 13 اور پانچ آزاد اراکین ہیں۔ پانچ آزاد اراکین میں سے بسون گوڈا پاٹل یتنال ، اور ڈی یو ملیکارجن بی جے پی کے ساتھ ہیں ، جبکہ تین آزاد اراکین بائرتی سریش ، ایم ڈی لکشمی نارائن اور وویک راؤ پاٹل کانگریس کے ساتھ ہیں۔ اس حساب سے ایوان بالا میں کانگریس کی تعداد37 ہوجائے گی، جبکہ بی جے پی اور اس کے حمایت یافتہ دو آزاد اراکین اور جے ڈی ایس کے 13؍ اراکین کو ملاکر 37اراکین ہوتے ہیں،جبکہ ایوان کے چیرمین کو ووٹنگ کا حق آخر میں مل سکے گا۔ کانگریس کو ایوان کی چیرمن شپ پر قبضے کیلئے صرف ایک رکن کی حمایت درکار ہے۔ اس دوران جنتادل (ایس) کے داخلی انتشار کے مرحلے میں پارٹی کے خلاف بغاوت کرنے والے اکا دکا اراکین کونسل نے بھی اگر کانگریس کا ساتھ دے دیاتو شنکر مورتی کا پتہ کٹنا طے ہے۔ 


Share: